لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے بجٹ کی منظوری دے دی۔
چیئرمین محسن رضا نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا لاہور میں اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل بجٹ کی منظوری دے دی گئی، وزیراعلی ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چند اراکین نے آن لائن بھی شرکت کی۔
بورڈ سربراہ کا چارج سنبھالنے کے بعد محسن نقوی کی صدارت میں ہونے والا یہ پہلا باضابطہ بورڈ آف گورنرز کا اجلاس تھا جس میں پی ایس ایل کی افتتاحی اور اختتامی تقریب،سیکیورٹی سمیت تمام اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران اجلاس پی سی بی معاملات میں بہتری اور اہم فیصلوں کا اختیار محسن نقوی کو دے دیا گیا جبکہ نو منتخب چئیرمین پی سی بی میں تبدیلیوں کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی توسیع اور کرکٹ میوزیم کی این سی اے سے منتقلی اور عوام کے لیے کھولنے کی تجویز کو بھی بورڈ ممبران کی طرف سے سراہا گیا۔