کرناٹک: بھارت کے ایک سرکاری اسپتال میں آپریشن تھیٹر کو بطور فوٹو شوٹ کی جگہ کے طور پر استعمال کرنے پر ڈاکٹر جوڑے کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے ضلع چتردرگا میں پیش آیا ہے جس کی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی۔ عملے کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ رویے کی ویڈیو نے عوام کے اندر غم و غصہ کو جنم دیا ہے جس پر کرناٹک حکومت کی طرف سے فوری کارروائی کی گئی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ڈاکٹر جن کی شناخت ابھیشیک کے نام سے ہوئی ہے بظاہر ایک ’مریض‘ کی ’سرجری‘ کر رہے ہیں جب کہ ان کی منگیتر ایک معاون ڈاکٹر کے طور پر ان کی مدد کر رہی ہیں۔
جوڑے کو طبی آلات استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جو کیمرے کی شوٹنگ میں اپنے کام میں مصروف ہیں۔ کیمرہ والوں اور ٹیکنیشین کی ہنسی کی آواز ویڈیو کی متنازعہ نوعیت میں اضافہ کر رہی ہے۔تاہم فوٹو شوٹ کے اختتام پر مریض کے بھیس میں بیڈ پر لیٹا ہوا شخص فرضی سرجری کے بعد اٹھ بیٹھتا ہے اور وہ بھی ساتھ میں ہنس پڑتا ہے۔