بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے دنیا کا پہلا اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) بچہ تخلیق کیا ہے۔
اس حوالے سے چینی سائنسدانوں کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا اے آئی چائلڈ تیار کیا ہے جو کہ تین سے چار سال کے ایک انسانی بچے جیسی صلاحیتوں اور رویے کا حامل ہے۔
اسے چینی زبان میں ٹونگ ٹونگ یا لٹل گرل کا نام دیا گیا ہے اور دنیا کے اس پہلے اے آئی بچے کی تخلیق کو اے جی آئی (آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جنس) کی جانب ایک اہم اور بڑا اقدام سمجھا جا رہا ہے۔
چینی سائنسدانوں نے اپنی اس تخلیق کی نقاب کشائی فرنٹیرز آف جنرل آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی ایگزیبیشن کے موقع پر کی۔
اطلاعات کے مطابق یہ اختراعی اے آئی ماڈل ازخود سیکھنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ایک حد تک جذباتی ربط و ضبط کا مظاہرہ بھی کر سکتا ہے جو کہ اس سے قبل کسی اے آئی ڈویلپمنٹ میں اب تک نہیں دیکھا گیا۔
بیجنگ انسٹیٹیوٹ فار جنرل آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں اس کے تخلیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ٹونگ ٹونگ یا لٹل گرل انسانوں سے رابطوں کے ذریعے اپنی مہارتوں اور جاننے کی صلاحیت کو مسلسل بہتر کر رہی ہے۔