مشی گن: ایک نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ زہریلی دھاتیں خواتین سے رابطے میں آنے کے بعد ان میں عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق کئی مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ماہرین کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں زہریلی دھاتوں اور بیضہ دانی میں تخمِ مادہ میں کمی کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف مشی گن میں ایپیڈیمولوجی اور ماحولیاتی صحت سے متعلق سائنس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر سنگ کیون پارک کا کہنا تھا کہ زہریلی دھاتوں سے وسیع پیمانے پر نمائش کا خواتین کی صحت پر بڑا اثر پڑتا ہے جو بیضہ دانی میں تخمِ مادہ کو وقت سے پہلے کم کردیتی ہے۔
علاوہ ازیں طبی مسائل میں کمزور ہڈیاں، دل کی بیماری اور ذہنی صلاحیتوں میں زوال کے امکانات بھی زیادہ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تحقیق سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ جن خواتین کے پیشاب میں بھاری دھاتوں جیسے سنکھیا، کیڈمیم، پارہ اور سیسہ کی مخصوص مقدار شامل ہوتی ہے، ان کے خون میں تولیدی ہارمون اینٹی ملیریئن ہارمون (AMH) کی سطح کم ہوجاتی ہے۔
مذکورہ بالا مطالعہ ’کلینیکل اینڈوکرائنولوجی اینڈ میٹابولزم‘ نامی سائنسی جریدے میں شائع ہوچکا ہے۔