ہارون آباد: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا جرم بیٹے سے تنخواہ لینا نہیں اس نے سنگین جرم کیا ہے۔ نواز شریف پر ظلم کرنیوالے کچھ گھروں کو گئے، کچھ عبرتناک انجام کو پہنچے۔
ہارون آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ میں آج پہلی بار ہارون آباد آئی ہوں، جب بیروزگار کے پاس نوکری نہیں ہوتی اسے نواز شریف یاد آتا ہے، ہارون آباد والو! مجھے معلوم ہے جب روٹی مہنگی ہوتی ہے تو آپ کو نواز شریف یاد آتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہوئی تو بانی پی ٹی آئی مٹھائی کھلا رہے تھے، بانی پی ٹی آئی کی سزا پر نواز شریف نے کسی کو مٹھائی نہیں کھلائی، بانی پی ٹی آئی سے سنگین جرم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے مذاق پر سزا ہوئی، نواز شریف کو پاناما جیسے ڈرامے میں سزا ہوئی تو بانی پی ٹی آئی مٹھائی کھا رہا تھا، بانی پی ٹی آئی کو 10 سال سزا ہوئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا کاغذ لہرا کر کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی، انہوں نے جھوٹ بولا، قومی سلامتی سے کھیلا، اعظم خان نے حلف لے کر کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سائفر کے معاملے پر جھوٹ کہا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو 3 بار وزارت عظمیٰ کے دفتر سے ہٹا دیا گیا، نواز شریف کے مخالفین نے ظلم و جبر کی انتہا کر دی تھی، بانی پی ٹی آئی کا جرم بیٹے سے تنخواہ لینا نہیں اس نے سنگین جرم کیا ہے۔