نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈونر ملکوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری امدادی کارروائیوں کیلئے فنڈز کا سلسلہ جاری رکھیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اونروا کے اہلکاروں پر لگائے گئے الزام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی تاکہ معلوم ہوسکے کہ الزام کس قدر حقیقت پر مبنی ہے اور اس کی روشنی میں کارروائی کی جاسکے، اگر کوئی اقوام متحدہ کا کارکن اس میں ملوث ہوا تو اس کا مکمل احتساب کیا جائے گا، فوجداری مقدمات سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا سیکرٹریٹ تحقیقات کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا، ہزاروں لوگ اونروا میں کام کرتے ہیں جن میں سے ایک بڑی تعداد انسانی حقوق کیلئے کام کرتے ہوئے سخت مشکلات سے دوچار ہے، چند افراد پر لگنے والے الزامات کی وجہ سے پورے اونروا اور اس کے تمام کارکنوں کو سزا نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اونروا کے ملازمین برے حال کو پہنچے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور ان کی بنیادی ضرورت کی چیزیں انہیں ضرور ملنی چاہیئں، اسرائیل کی طرف سے اونروا پر لگائے گئے الزام کے بعد غزہ میں امدادی کارروائیوں پر منفی اثر پڑسکتا ہے، اونروا کے 12 میں سے نو کارکنوں کی ملازمت کی ختم کر دی گئی جبکہ ایک ہلاک ہو چکا، باقی دو کی تلاش جاری ہے۔