راولپنڈی:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے شخص کی سازش کو ناکام بنائیں۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ والے آپ کو گمراہ کرنا چاہتے اس لیے آپ نے سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا ہے اور چوتھی بار وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے کی سازش ناکام بنانی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ایک جماعت نے وہی پرانی سیاست شروع کی ہے اور سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح سے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے لیکن وہ جانتے نہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے نظریاتی کارکنان کو سمجھائیں کہ یہ اب وہ ن لیگ نہیں رہی اس لیے شیر پر ٹھپہ لگانے کے بجائے تیر پر ٹھپہ لگائیں کیونکہ ہم تین نسلوں سے حکومت کرتے آ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اس وقت خطرے میں ہے، معاشی اور جمہوری بحران ہے جبکہ دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں لیکن صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے، اب کوئی گڈ طالبان اور بیڈ طالبان نہیں ہوگا، جو ہمارے آئین کو نہیں مانتے تو پاکستان انکو منہ توڑ جواب دے گا اور یہ سب پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جو نشان نہیں ملا اس میں ان کے وکلاء کا ہی قصور ہے کیونکہ انکے وکلاء ہی بغیر تیاری سپریم کورٹ گئے، اس لیے اب مگرمچھ کے آنسو نہ بہائے جائیں۔ پی ٹی آئی کو پلانٹڈ لوگوں کی وجہ سے نقصان ہوا۔