اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کے استعمال کی تجرباتی مشق کی جو کامیاب رہی اور اس کے مفید اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔
کمیشن میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں 859 مقامات پر قائم ریٹرننگ افسران کے دفاتر اِس تجرباتی مشق میں شریک ہوئے جس کے دوران فائبر،ڈی ایس ایل کنیکٹویٹی، ای ایم ایس ایپ لاگ ان، استعمال اور نتائج کی ترسیل و تدوین کے مراحل کی مکمل مشق کی گئی اور اس میں ای ایم ایس کے ذریعے کامیابی سے پریذائیڈنگ آفیسرز کی جانب سے نتائج کی ترسیل اور ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے نتائج کی تدوین مکمل کی گئی۔
مشق کے دوران کسی قسم کی کوئی دقت نہیں ہوئی۔چند مقامات پر رابطہ کی دشواری کے باعث کچھ پریذائیڈنگ آفیسرز کو نتائج کی ترسیل میں معمولی مسائل کا بھی سامنا ہوا جنہیں فوری دور کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف انتخابی فہرستوں سے بذریعہ ایس ایم ایس اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات 29 جنوری سے حاصل کی جاسکیں گی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نگہت صدیقی اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے یہ اعلان کیاکہ ووٹرز8300پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے اپنے پولنگ سٹیشنز اور حلقوں کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرزکیلیے قومی شناختی کارڈ لانالازم ہوگا، زائد المیعاد شناختی کارڈ یاٹوکن کی رسید پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں لوڈ شیڈنگ کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہونے کے خدشہ پر الیکشن کمیشن نے واپڈا کو 8 فروری کو پولنگ کے دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ واپڈا حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا کہ واپڈا ملک بھر میں اعلانیہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریزاں رہے۔