نیو یارک: ایک امریکی شہری نے ہوٹلوں کے کمروں کے کی ۔کارڈز کے سب سے بڑے مجموعے کے حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے مورٹن سورنسن کے پاس دنیا بھر کے 1,136 مختلف ہوٹلوں کے کمروں کے کی-کارڈز ہیں۔ انہوں نے اس مجموعے کو حروف کی ترتیب کے مطابق ایک البم میں محفوظ کیا ہوا ہے۔
دنیا میں کسی بھی شخص کے پاس اتنی بڑی تعداد میں ہوٹلوں کے کمروں کے کی-کارڈز نہیں ہیں جتنے مورٹن کے پاس ہیں اور اس کی تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کی اور شہری کو عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔
مورٹن سورنسن نے ادارے کو بتایا کہ انہوں نے 1990 میں کی-کارڈز جمع کرنا شروع کیے جب کاروبار کے سلسلے میں اکثر سفر میں رہتے تھے اور ہوٹلوں میں قیام کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسدوران انہوں نے دریافت کیا کہ زیادہ تر ہوٹل اپنے کی-کارڈز کو ایک یادگار کے طور پر صارف کو اپنے پاس رکھنے کی اجازت دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلا کی-کارڈ جو ان کے پاس آیا وہ نیویارک کے ہلٹن پرل ریور ہوٹل کا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں اس وقت مینیسوٹا میں رہ رہا تھا اور نیو جرسی میں ایک مشاورتی ٹیم کی قیادت کر رہا تھا۔ اس لیے میں اکثر نیویارک اور نیو جرسی میں آتا جاتا رہتا تھا۔ یہ کی-کارڈز اس دور کی زبردست یادیں ہیں اور ان جگہوں کی جو میں نے دیکھی ہیں۔