سری نگر: مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم غیور کشمیری آج 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر کے کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔
کشمیری برادری کی جانب سے دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ دنیا میں جنت نظیر خطے کے باسی 70 سال سے بھارتی غاصبانہ قبضے اور تشدد کی فضا میں سانس لے رہے ۔
جہاں اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی افواج نے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارتی غاصبانہ قبضے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی آزادی اور حق خود اداریت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کئی دہائیوں سے اس دن صرف مقبوضہ کشمیر میں ہی نہیں‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری بھرپور احتجاج کرتے ہیں، مظاہروں‘ جلسے جلوسوں اور سیمینارز کے ذریعے عالمی برادری کو باور کروایا جاتا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کو گمراہ کررہی ہے۔
حریت رہنماوٴں کی جانب سے بھی بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے اعلان پر مودی سرکار نے سری نگر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔
قابض بھارتی افواج نے وادی بھر میں کسی بھی ممکنہ احتجاج پر کریک ڈاوٴن کرتے ہوئے حریت رہنماؤں اور کارکنان کی رات سے ہی پکڑ دھکڑ شروع کردی تھی۔