راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پر نگراں وفاقی حکومت کی نگرانی میں تحقیقات کو نہیں مانتے، عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی واقعات پر نگراں وفاقی حکومت کی نگرانی میں تحقیقات کو نہیں مانتے، 9 مئی سے متعلق کوئی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی۔
نومئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے ہیں، جب تک جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات کی سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کرنے والوں کو نہیں پکڑا جاتا حقائق سامنے نہیں آسکتے، جس نے بھی جلاؤ گھیراؤ کیا ہے اس کو پکڑا جائے لیکن پہلے آزادنہ تحقیقات کرائی جائیں۔