ڈونیٹسک: روس کے زیر کنٹرول یوکرینی شہر ڈونیٹسک میں بم دھماکے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بم حملے میں ایک مصروف بازار کو نشانہ بنایا گیا جس میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کلیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی طرف سے شائع کی گئی تصاویر میں تباہ شدہ دکانوں کے ساتھ ہی گلی میں لاشیں پڑی دکھائی دے رہی تھیں۔
روسی حمایت یافتہ علاقائی حکام نے حملے کی ذمہ داری یوکرین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
روس کی وزارت خارجہ نے اس حملے کو شہریوں کے خلاف “وحشیانہ دہشت گرد حملہ” قرار دیا ہے تاہم ابھی تک یوکرین نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ ڈونیٹسک شہر اور مشرقی یوکرین کے وسیع علاقے کے کچھ حصوں پر روسی حمایت یافتہ افواج نے پہلی بار 2014 میں قبضہ کیا تھا اور تب سے یہ علاقہ جزوی طور پر ماسکو کے زیر کنٹرول ہے۔