کراچی: کراچی کھارادر پولیس نے نومولود بچے خرید کر فروخت کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزمہ سے ایک نومولود بچی کو بھی بازیاب کرا لیا۔
ایس ایچ او کھارادر آغا رشید نے بتایا کہ ملزمہ فاطمہ نے ٹھٹھہ کے ایک گاؤں سے 2 لاکھ روپے کے عوض ایک نومولود بچی کو خریدا تھا جسے لے کر ملزمہ کراچی میں فروخت کرنے کی غرض سے آئی تھی کہ پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر ملزمہ کو گرفتار کر کے نومولود بچی کو بازیاب کرالیا۔
انھوں نے بتایا کہ ملزمہ نے ابتدائی تحقیقات میں 8 بچے خرید کر فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ وہ لیاری کی رہائشی ہے، ملزمہ اسپتالوں اور گاؤں دیہات سے نومولد بچے خریدتی تھی، پولیس تفتیش میں بچوں کو فروخت کرنے والوں کا بھی تعین کرے گی اور ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد بازیاب کی جانے والی نومولود بچی کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا ہے جبکہ ملزمہ فاطمہ کو وومن پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس سے نومولود بچوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔