اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام اور تصویر سے بنایا گیا جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹ سامنے آگیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمیشنر کے نام اور تصویر سے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام چیف الیکشن کمشنرکے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس اور ان سے پھیلائے گئے پیغامات سے ہوشیار رہیں اور انہیں نظر انداز کریں۔
ادھر نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہا ’ہم جیسے جیسے انتخابات کے قریب جا رہے ہیں، اس طرح کے ہتھکنڈے بڑھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ اب چیف الیکشن کمشنر کو ہدف بنایا جا رہا ہے،آج فیک نیوز جمہوریت اور صحافت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔