پشاور / اسلام آباد: پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کا بطور آزاد امیدوار انتخابی نشان تبدیل کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اور آزاد امیدوار کامران بنگش نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دیے گئے انتخابی نشان کو چلینج اور اسے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کو انتخابی نشان امیدوار سے مشاورت کر کے تبدیل کرنے کی ہدایت کی جس پر الیکشن کمیشن نے کامران بنگش کا انتخابی نشان تبدیل کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اب کامران بنگش کو ’ریکٹ‘ کا انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
ادھر بہاولپور میں آزاد امیدواروں کے انتخابی نشانات کی تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے ریجنل ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء بہاولپور کو جمعرات کو اسلام آباد ہیڈکوارٹرز طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن نے ریجنل ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء بہاولپور کوالیکشن کمیشن کو بریفنگ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے بہاولپور ہائیکورٹ بینچ میں ہونے والی سماعت کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
ہائیکورٹ نے بہاولپور سے قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں امیدواروں کے نشانات تبدیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔