خیرپور:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب الیکشن میں صرف دو جماعتیں ہیں، تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے۔
خیرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو چُن چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صحیح چنا یا غلط لیکن اب یہی ہمارے امیدوار ہیں، اگر کسی امیدوار سے کوئی غلطی ہوئی تو معاف کریں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے، عوام تیر کے امیدواروں کو جتوائیں، کام میں کروں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لاہور کے پرانے سیاستدان آج تک نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کر رہے ہیں، ہم حکومت بناکر عوامی راج قائم کرنے جارہے ہیں، انتقام اور تقسیم کی سیاست نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زر نے کہا کہ خبردار کر رہا ہوں 9 فروری کو پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی، لاہور میں گمبٹ اسپتال کے مقابلے کا ایک بھی اسپتال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بابوؤں نے سندھ کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے، جس افسر نے سیلاب متاثرین کو مالکانہ حقوق نہیں دیے اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں صوبوں کو منتقل 17 شعبوں کی وزارتیں آج بھی وفاق میں چل رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب الیکشن میں صرف دو جماعتیں ہیں، تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 18 ماہ کی حکومت میں جو ہمارے اتحادی تھے انہوں نے عوام کو دھوکا دیا، عوام اتنی بھاری اکثریت دلوائیں کہ کسی کی مدد کی ضرورت نہ رہے، کل کے عدالتی فیصلے کے بعد عوام تیر کو ووٹ دیں، اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔