پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابی نشان کی حقدار ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلہ جسٹس ارشد علی نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابی نشان کی بھی حقدار ہے، تفصیلی فیصلہ مزید وجوہات اور وضاحت کے ساتھ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عدالت نے خود کو 2 سوالات تک محدود رکھا، سیاسی جماعت بنانا پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور سیاسی جماعتوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔
پشاور ہائیکورٹ کے مطابق انتخابی نشان کے تحت الیکشن لڑنے کا حق بھی حاصل ہے، انتخابی نشان کے آئینی حق سے انکار نہیں کیا جاسکتا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔
یاد رہے کہ 10 جنوری کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔