رائیونڈ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگی قائد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دل کی تکلیف ہوتی ہے تو یہ خود لندن بھاگ جاتے ہیں، اس وقت بھی کہا تھا اتنی دور جانے کی ضرورت نہیں، کراچی آ جائیں ہم نے این آئی سی وی ڈی بنایا ہے‘‘۔
رائیونڈ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ رائیونڈ کے لوگوں کو سمجھانا چاہتے ہیں اگر عوامی حکومت بنانی ہے تو یہ ن لیگ نہیں کر سکتی، عوامی حکومت صرف شہیدوں کی جماعت ہی کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نفرت، گالم گلوچ اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، عوام سے پوچھیں کیا وہ بجلی کا بل دے سکتے ہیں جواب نہیں میں ملے گا، ہمارا دس نکاتی ایجنڈا عوام دوست اور ہم ن لیگ اور پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وعدے ہے پنجاب کے ہر اضلاع میں مفت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنائیں گے، کیا انہوں نے پنجاب میں علاج کی معیاری سہولتیں دیں؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے ملک میں ہمارے امیدوار جیتنے کیلئے کھڑے ہیں، پیپلزپارٹی تین سو یونٹ فری دے گی، ملک میں مفت معیاری تعلیم دینے کا وعدہ ہے، ہر شخص کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات دینا ہے۔