جارجیا:امریکا میں ایک سینما کی مرمت کے دوران ایک 65 سال پرانا پرس برآمد ہوا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینما کی مرمت کے دوران مزدوروں کو جو پرس ملا اُنہوں نے اسے سینما کے مالک کرس ایسکوبار کے حوالے کر دیا۔
اس حوالے سے کرس ایسکوبار کا کہنا ہے کہ جس جگہ سے یہ گمشدہ پرس ملا وہ سابق منیجر کے دفتر سے ملحق گمشدہ چیزوں کا ڈیپارٹمنٹ تھا جو برسوں پہلے سینما میں کی گئی مرمت کے دوران چھپ گیا تھا اسی لیے اتنے برسوں تک یہاں کسی کا دھیان نہیں گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس بٹوے سے کچھ تاریخی سامان ملا ہے جس کی وجہ سے اس کے مالک کی تلاش کرنے میں مدد ملی اور سوشل میڈیا کے ذریعے اسے تلاش کیا گیا۔
کرس ایسکوبار نے بتایا کہ اس بٹوے کی مالکن کا نام فلوئے کلبریتھ ہے جن کا 2005ء میں 87 سال کی عمر میں انتقال ہو چکا ہے لیکن ہم نے ان کا بٹوا ان کی بیٹی چیمبرلین کے حوالے کر دیا ہے اور اُنہیں اپنی والدہ کے بٹوے میں سے اپنا کچھ سامان بھی ملا جس میں چند انشورنس کارڈز اور ڈاکٹرز کی سلپس شامل تھیں۔