صنعا: بحیرہ احمر میں ڈنمارک کے بحری جہاز پر حملے کے بعد امریکی ہیلی کاپٹر نے حوثیوں کی کشتیوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 10 جنگجو جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈینش کمپنی کا جہاز سنگاپور سے مصر کی بندرگاہ جا رہا تھا کہ یمن کے حوثی گروپ نے حملہ کر دیا، نشانہ بننے والے جہاز کی کال پر امریکی ہیلی کاپٹر مدد کو پہنچا تو حوثیوں کی کشتیوں سے ہیلی کاپٹر پر حملہ کیا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ میں حوثیوں کی تین کشتیاں ڈوب گئیں اور کشتیوں پر موجود عملہ ہلاک ہو گیا، حملے کے بعد حوثیوں کی چوتھی کشتی علاقے سے نکل گئی، بحیرہ احمر میں 19 نومبر سے اب تک حوثیوں کا بین الاقوامی جہازوں پر یہ 23 واں حملہ ہے۔
ادھر یمنی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے 10 حوثی جنگجو جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے ہیں اور حوثیوں کی تین کشتیاں بھی ڈوبی ہیں۔