ملزمان نے ایران کے سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے اہم راز حاصل کیے اور اسرائیل کو دیدیے، ایرانی عدالت
ملزمان نے ایران کے سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے اہم راز حاصل کیے اور اسرائیل کو دیدیے، ایرانی عدالت
تہران: ایران میں تین مردوں اور ایک خاتون کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے اور موساد کے ساتھ مل کر ملک میں انتشار پھیلانے کے الزام میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وفا حنریج ، ارم عمری، رحمان اور نسیم نمازی کو صوبے مغربی آذر بائیجان میں پھانسی دی گئی۔ ان ملزمان کو گزشتہ برس مئی میں پڑوسی ملک سے ایران میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایرانی سیکیورٹی فورسز اس گروپ پر گزشتہ برس کے آغاز سے نظر رکھی ہوئی تھی۔ چاروں ملزمان نے ایران کے سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے اہم راز حاصل کیے تھے اور پھر وہ راز اسرائیل کو دیئے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ملزمان نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ شر پسندانہ کارروائیوں میں حصہ لیا اور دشمن ملک اسرائیل پر اہم راز افشا کیے۔
ایرانی عدالت نے ایک سال تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر چاروں کو سزائے موت سنائی تھی جس پر آج عمل درآمد کردیا گیا۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو بھی ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیسیتان میں ایک شخص کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے پر پھانسی دی گئی تھی جب کہ ایک سال قبل بھی اسی ماہ میں 4 مجرموں کو اسی جرم میں پھانسی دی گئی تھی۔