اسلام آباد: ملک بھر میں انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی مکمل کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی مکمل کرتے ہوئے اے، بی اور سی کیٹنگری میں تقسیم کر دیا ہے جس کے تحت ساڑھے 92 ہز ار پولنگ اسٹیشنز میں سے ساڑھے 42 ہز ار پولنگ اسٹیشن کو نارمل، 32 ہزار 508 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور ساڑھے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی کیمروں سے مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی چیف سیکرٹریز اور ڈی آر اوز کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جا ری کردیے ہیں۔
بدامنی کے خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں 17 ہزار 500 سے زائد انتہائی حساس پولنگ اسٹینشز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے تمام بوتھوں پر کیمرے نصب ہونگے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے پولنگ اسٹیشنز پرانتخابی عمل، گنتی اور نتائج کی تیاری کی مانیٹرنگ ہوگی۔
پنجاب کے 6 ہز ار 599 ، سندھ کے 4 ہزار 430 پولنگ اسٹینشزکی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔ بلوچستان کے 2 ہزار 38، خیبرپختونخوا کے 4 ہز ار 344 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سرگرمی کی کیمرے سے نگرانی ہوگی۔
ادھر پنجاب کے 15 ہز ار 829 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، سندھ میں 8 ہز ار30، بلوچستان میں 2 ہزار 68 جبکہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 6 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز حساس کیٹگری میں رکھے گئے ہیں۔