لاہور:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ میری رائے میں 9 مئی کے واقعات میں جو لوگ بھی ملوث ہیں انہیں پبلک آفس ہولڈ نہیں کرنا چاہیے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روک رہے، اگر کوئی کسی سیاسی جماعت کو روک رہا ہے تو یہ ایک غیر قانونی عمل ہے، اگر کہیں کسی کو انتخابی سرگرمیوں سے روکا گیا ہے تو اس کی تحقیقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی پالیسی نہیں کہ پی ٹی آئی کو جلسہ نہیں کرنے دینا، ہم نے میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی فوٹو دکھانے پر پابندی نہیں لگائی، انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہیں، الزامات صرف ہم پر نہیں ماضی کی تمام حکومتوں پر بھی لگتے رہے ہیں۔
نگران وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کیلئے حکومت کے الیکشن کمیشن سےمربوط روابط ہیں، شفاف الیکشن کیلئے ہم اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد قانون کا سامنا کر رہے ہیں۔