اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے اس کے برعکس الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
شعیب شاہین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام فری اینڈ فیئر الیکشن کرانا ہے، تمام ادارے آرٹیکل 220 کے تحت تعاون کرنے کے پابند کریں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں کہا دوبارہ پارٹی الیکشن کرائیں، ہم نے کرا دئیے، ہماری بار 40 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تھما دیا گیا، آج ایک نیا کارنامہ ہوا ہے، ایک جماعت کو جس کا کسی نے نام نہیں سنا اسے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کا دے دیا ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ میں نے کل ایک درخواست دی ہے اپنے پارٹی چیئرمین کی طرف سے کہ ہم بانی چیئرمین سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، ابھی تک ہمیں بلے کا نشان نہیں دیا گیا، سب سے بڑی پارٹی کو کرش کر کے الیکشن کرائے گئے تو آپ پر سوالات اٹھیں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم جب سوالات کرتے ہیں تو ہمیں توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس دیا جاتا ہے، آپ اپنی ساری طاقت اور فورس ایک ہی پارٹی کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی کے رہنما عمیر نیازی کے والد سے آج کاغذات نامزدگی چھین لیے گئے، شوکت بسرا کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے، جس طرح کی کارروائیاں ہو رہی ہیں سب کے سامنے ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ اگر اسی طرح کے الیکشن کروانے ہیں تو پھر 25 کروڑ عوام کے ساتھ مذاق ہے، پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں اس طرح کی بدترین مثالیں نہیں ملتیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامالا کیا جا رہا ہے، ہمارے خلاف جتنی سازشیں ہو رہی ہیں ان سب میں الیکشن کمیشن انکا حصہ دار بنا ہوا ہے۔