لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے ن لیگ اور باقی جماعتوں میں یہی فرق ہے کہ مسلم لیگ ن خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کرتی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج مخصوص نشستوں پر خواتین امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے، 100 سے زائد خواتین نے انٹرویو میں حصہ لیا، پارٹی قائد نواز شریف نے خود خواتین امیدواروں کے انٹرویو کیے۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ میں خواتین امیدواروں کے 5 گھنٹے طویل انٹرویوز ہوئے، خواتین امیدواروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اپنے شعبے میں ٹیکنوکریٹس بھی شامل تھیں، خواتین کو نمائندگی دے کر انہیں ملکی ترقی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ خواتین ہر پولنگ سٹیشن پر اپنا مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گی، مسلم لیگ ن جمہوری ذہن رکھنے والی جماعت ہے، 8 فروری کو ہم الیکشن جیتیں گے۔