واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے صدر جوبائیڈن کے مواخذہ کی تحقیقات سے متعلق باضابطہ منظوری دیدی۔
امریکی صدربائیڈن کا بیٹے کے کاروبار سے مبینہ مفاد لینے کے معاملے پر ایوان نمائندگان نے مواخذہ کی تحقیقات کی باضابطہ منظوری دی ہے جس پر امریکی صدر بائیڈن نے اس اقدام کو بے بنیاد اور سیاسی شعبدہ بازی قرار دیدیا ۔
ری پبلکن کے زیر اثر ایوان میں ووٹنگ ہوئی جس میں تحقیقات سے متعلق قرارداد کے حق میں 221 اور مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔
یہ مواخذہ اس بات کی تحقیقات کے لیے کیا جارہا ہے کہ آیا صدر بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے بیرون ممالک کاروبار سے فائدہ اٹھایا یا نہیں؟۔
ہنٹر بائیڈن نے ایوان کی کمیٹی کے سامنے بند کمرے میں پیشی سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عوام کےسامنے پیشی چاہتے ہیں اور یہ بھی کہ جوبائیڈن بے قصور ہیں۔
یاد رہے کہ ری پبلکنز کا الزام ہے کہ ہنٹر بائیڈن نے یوکرین اور چین میں کاروبار کیے اور غیر ملکی کاروباری شخصیات کو اس وقت کے نائب صدر جوبائیڈن تک رسائی کی یقین دہانیاں کرائیں تاہم شواہد پیش نہیں کیے گئے کہ آیا بائیڈن نے کسی کو فائدہ دیا یا خود فائدہ اٹھایا۔
صدر بائیڈن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ری پبلکنز ضروری اقدامات کے بجائے ان بے بنیاد باتوں پر وقت ضائع کررہے ہیں جن کے بارے میں ری پبلکن اراکین کانگریس خود تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے پاس شواہد نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں برتری کے سبب بائیڈن کا مواخذہ ممکن نہیں ، کیونکہ ایوان اگر مواخذہ منظور بھی کرلے تو معاملہ سینیٹ میں جائے گا جہاں ڈیموکریٹس کو 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہے۔