غزہ: اسرائیل کی بربریت کا سلسلہ نہ تھم سکا، صیہونی فورسز کے نہتے فلسطینیوں پر بزدلانہ وار جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 350 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد العودہ اور عثمان بن کاشغر مسجد پر شدید بمباری کی گئی، رفاہ اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بھی گولے برسائے گئے۔
صیہونی فورسز کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 350 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 177 تک جا پہنچی، 46 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ میں فلسطینی شہریوں کے ساتھ اسرائیلی فوج کا بدترین سلوک بھی جاری ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نہتے فلسطینیوں کو برہنہ کر کے تذلیل کی گئی، شدید سردی میں کھلے آسمان تلے ٹھنڈی زمین پر بٹھائے رکھا۔
بچوں، بزرگوں اور جوانوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کر کے ٹرکوں میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے گئے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیلی بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں 5 قراردادیں منظور کر لیں۔
جنرل اسمبلی میں پناہ گزینوں کی مدد، امدادی کاموں اور اثاثوں کے تحفظ سمیت یہودی آبادکار بستیوں کیخلاف 5 قراردادیں منظور کی گئیں۔
پناہ گزینوں کی مدد کے حق میں منظور ہونے والی قرارداد کے حق میں 168 ممالک نے ووٹ دیا، امریکا سمیت 10 ممالک ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہے۔