کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ سیاستدان اپنی انا کے بجائے عوام کی خدمت کا سوچیں، پیپلزپارٹی کا مخالف کوئی سیاستدان نہیں پاکستان کو نئی سوچ اور سیاست کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو نفرت اور انتقام کی پرانی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا۔
کوئٹہ میں یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں اس سیاست کی ضرورت ہے جس میں اتحاد کے بارے میں سوچیں نہ کہ تقسیم کے بارے میں، آج کل کچھ لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلزپارٹی پیپلز چارٹر آف اکانومی لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، غریبوں کا خیال صرف ہماری پارٹی رکھتی ہے، دوسری جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، کوئی کھلاڑی نہیں میں نوجوانوں کی نمائندگی کروں گا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان اپنی انا کے بجائے عوام کی خدمت کا سوچیں، پیپلزپارٹی کا مخالف کوئی سیاستدان نہیں، آصف زرداری نے نفرت کی سیاست کو ختم کیا ہے، آصف زرداری نے ملک کو سی پیک دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں 18 ویں ترمیم کی، انہوں نے پاکستان کے غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، انشاء اللہ پیپلزپارٹی ہی آنے والا الیکشن جیتے گی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آ کر نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ اور کسانوں کو سبسڈی دینے کا بھی وعدہ کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا، مزدوروں کو حقوق دینے کیلئے ’بے نظیر مزدور کارڈ‘ بھی لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی جیالا وزیر اعلیٰ آئے گا، کوئٹہ میں دل کے امراض کے علاج کیلئے بڑا ہسپتال بنائیں گے، جیسے آپ نے قائد عوام اور بی بی شہید کا ساتھ دیا، اس طرح ہمارا ساتھ دیں تو ہم بلوچستان کی قسمت بدلیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ مہنگائی لیگ بن چکی ہے، یہ فیل ہوچکے ، عوام کو معلوم ہے یہ سیاست کے شوباز ہیں۔