لاہور:لاہور میں سموگ کے دوران مصنوعی بارش برسانے کیلئے 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق لاہور میں مصنوعی بارش کرنے پر 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کی سمری سیکرٹری خزانہ کو بھجوائی گئی ہے جو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش کے حوالے سے ابتدائی سمری بھجوائی گئی ہے، مصنوعی بارش کے لئے محکمہ موسمیات اور محکمہ ماحولیات کا بڑا کردار ہے، دونوں محکموں کے احکامات پر کلاؤڈ سیڈنگ راکٹ فائر کئے جائیں گے۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ مصنوعی بارش برسانے کیلئے سب سے تیز ٹیکنالوجی ہے جس کیلئے چین سے بات ہوگئی ہے اور جلد چینی ماہرین پاکستان آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی کوشش ہے کہ رواں سال ہی مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جائے۔