پشاور:جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق ہمارے تحفظات کو غلط رنگ دیا گیا۔
پشاور میں جے یو آئی کے مرکزی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں سازش کے تحت عدم استحکام پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء کی جنگ لڑ کر ملک دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملائے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 90 دن گزرنے کے باوجود انتخابات کا مطالبہ کرنے والوں نے نئی مردم شماری اور اس کے تقاضوں کو قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات کو غلط رنگ دیا گیا، ہم نے تحریک ہی نئے الیکشن کے لیے چلائی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو الیکشن کے یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھا کیا اور آج ہمارے ہی خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے نمائندوں اور او آئی سی اجلاس میں صرف قراردادوں پر اکتفا کیا گیا۔