ریاض: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے دورہ سعودی عرب کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین میں جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور محاصرے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، شہریوں کے بنیادی حقوق، انفراسٹرکچر کی تباہی اور بھاری جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی، محاصرے کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لئے فلسطین کے لئے پاکستان کے دیرینہ اصولی مؤقف کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا ذکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کویتی ولی عہد کو خصوصی سرمایہ کاری کونسل سے متعلق آگاہ کیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے ولی عہد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، ولی عہد نے پیغام کویت کے متعلقہ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔
کویت کے ولی عہد نے کویت کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا۔