پشاور :سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری سے متعلق درخواست پرپشاور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔
پشاور ہائیکورٹ میں سابق سپیکر اسد قیصر کی گرفتاری سے متعلق درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے کی۔
عدالت میں وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ اسد قیصر کو بنی گالہ سے گرفتار کیا گیا، اسد قیصر کو صوابی کے کیس میں اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ، کئی دن گزر گئے ابھی تک اسد قیصر کو اڈیالہ جیل میں رکھا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو صوابی منتقل کیا جائے ، اے اے جی نے کہا کہ انہیں اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے یہاں ان کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
عدالت نے اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ، عدالت نے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔