کیلیفورنیا: امریکی ٹک ٹاکر کیلب گریوز ڈزنی لینڈ ہاف میراتھن مکمل کرنے کے بعد اچانک انتقال کر گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریس کے اختتام کے قریب پہنچ کر گرمی کی شدت سے وہ بے ہوش ہو گئے اور ان کی حرکت قلب بند ہوگئی۔
اناہیم پولیس کے مطابق، کیلب نے اپنے سینے میں درد کی شکایت کی اور فوراً طبی امداد فراہم کی گئی، لیکن وہ اسپتال پہنچنے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔
جنوبی کیلیفورنیا میں شدید گرمی کی لہر چل رہی تھی جس پر ٹک ٹاکر نے ریس سے ایک دن قبل اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔
کیلب نے اپنے فالورز کو بتایا تھا کہ انہیں پہلے بھی گرمی کی وجہ سے جسمانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اس بار بھی انہیں گرمی کی شدت کا سامنا تھا۔
کیلب گریوز ایک مشہور وکیل بھی تھے اور انہوں نے جیورج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔ ان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ، جہاں وہ دوڑنے اور ڈزنی کے متعلق ویڈیوز پوسٹ کرتے تھے، پر 18,000 سے زیادہ فالورز تھے۔