اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معاشرے میں انتشار پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جاتا ہے اور انتہا پسند عناصر بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں لیکن ہمیں عوام کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں ٹیک ویلی پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ڈیجیٹل اسپیس نے ترقی کی ہے، حکومت نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہم نے لینڈ ریونیو نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا، برطانوی راج کے وقت سے لینڈ ریونیو نظام رجسٹروں پر چل رہا تھا اور یہ ایک بڑا چیلنج تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کا مؤثر ترین سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی معلومات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، جدید ٹیکنالوجی کی بدولت فری لانسنگ کا شعبہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، معاشرے میں انتشار پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جاتا ہے، انتہا پسند عناصر بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں تاہم ہمیں عوام کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔