اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ شہری آبادی پر اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے خطرہ ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کیمرون میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے50ویں اجلاس میں شریک ہیں، سیکرٹری خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں، وہ غزہ میں جاری نسل کشی اورسنگین انسانی صورتحال پر پاکستانی نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کے حالیہ مظالم کی بھی شدید مذمت کرتا ہے، شہری آبادی پر اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے، فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان کا فلسطین کی صورتحال پر واضح موٴقف ہے۔
ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے خطرہ ہے، اسلاموفوبیا اورزینوفوبیا،موسمیاتی تبدیلی ، دہشتگردی عالمی چیلنجز ہیں۔