راولپنڈی:بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے حملوں میں 14 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان میں کئی سنگین کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دشمن اور مخالف قوتوں کے اشارے پر یہ بزدلانہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو تباہ کرنے کے لیے انجام دیے گئے جن کا ہدف زیادہ تر معصوم شہری تھے۔ خصوصاً موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں دہشت گردی میں کئی بے گناہ شہریوں نے شہادت پائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق موسیٰ خیل میں دہشت گردوں نے ایک بس کو روکا اور اس میں سوار ان بے گناہ شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جو اپنی روزی کمانے کے لیے بلوچستان میں کام کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جواب دیا اور کلیئرنس آپریشنز میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ تاہم آپریشنز کے دوران 14 بہادر سپوتوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جن میں 10 سیکیورٹی فورسز کے جوان اور 4 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان سنگین اور بزدلانہ کارروائیوں کے ماسٹر مائنڈ، معاونین اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔