لاہور: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر ملک کے حالات چند سال قبل خراب نہ کیا جاتے تو ملک بہتر ہوتا۔پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
داتا دربار پر حاضری کے بعد مزار کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کہا کہ میں اپنی جانب سے، نواز شریف، شہباز شریف اور صدر زرداری کی جانب سے حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہاں مدینہ منورہ کی طرز پر آٹو میٹرک چھتریاں آئندہ عرس سے قبل لگ جائیں گی اور دربار کی توسیع کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ملک کلمہ کے نام پر بنا، اللہ کریم روز قیامت تک اس کی حفاظت کرے، نواز شریف نے 1999ء میں اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، پاکستان ایک میزائلی قوت بھی بن چکا ہے اب اسے معاشی قوت بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے حالات چند سال قبل خراب نہ کیا جاتے تو ملک بہتر ہوتا، 2017ء تک ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا اس کے بعد جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے، اب رونے دھونے کا وقت نہیں ہے، بدقسمتی ہے کہ جو ملک ترقی کررہا تھا وہ پیچھے چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سرپرستی میں ملک ترقی کررہا ہے، 11 فیصد تک مہنگائی آچکی ہے، اس ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد ملا، سیاست میں ایسا ہوتا رہتا ہے، ریلیف دینا ہر صوبے کا حق ہے پنجاب نے 14 روپے ریلیف دیا ہے تو ہم اسے دوسرے صوبوں پر زبردستی لاگو نہیں کرسکتے یہ ان کی صوابدید ہے، پنجاب کے ریلیف پر تنقید کرنا سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے ہمارے پیپلز پارٹی سے اچھے تعلقات ہیں اس کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں کہ جو حل طلب نہ ہو۔