راولپنڈی :سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے دوران وزارت دفاع کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم کسی بھی صوبائی یا وفاقی ایجنسی کی تحویل میں نہیں ہیں۔
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم لاپتہ کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس رضا قریشی نے کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل آئی ایس آئی یا ایم آئی کی تحویل میں نہیں، اس موقع پر سی پی او نے بھی جیل بابت لاعلمی کا بیان حلفی جمع کرا دیا۔
وزارت دفاع کی طرف سے بھی عدالت میں تحریری بیان داخل کیا گیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، آئی بی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے اپنے بیانِ حلفی جمع کروایا اور کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم کسی بھی صوبائی یا وفاقی ایجنسی کی تحویل میں نہیں ہیں۔
عدالت نے سی پی او کو کیس بابت سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا اور کیس کوخود دیکھنے کی ہدایت کی۔
کیس کی ایف آئی آر درج ہوگئی کیا اب یہ پٹیشن مزید سماعت قابل ہے؟ پٹیشنر سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
اس موقع پر تمام ایجنسیوں کے نمائندے سرکاری وکلاء پٹیشنر بھی کمرہ عدالت موجود تھے۔