لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے، ہمیں بھی اپنا احتساب کرنا ہے اگر ملک میں سیاسی استحکام ہو اور قوم فتنہ و فساد سے آگے بڑھے اور ایک قوم بن کو سوچے تو کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے اللہ نے محروم رکھا ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزار اقبال ؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی بعدازاں قومی ترانہ بجایا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ اسکول بینڈز نے خوبصورت دھنیں پیش کیں۔ سندھی، بلوچی، کلاش، کشمیری، پنجابی چولستان اور دیگر علاقائی لباس میں طالبات نے تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔
تقریب میں قائد اعظم کی تقریر کے اقتباس بھی پیش کیے گئے۔ اسپیشل بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے ترانہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اپنی نشست چھوڑ کر اسپیشل بچوں کے درمیان پہنچ گئیں اور بچوں کے ترانے کی تعریف کی۔
حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا، مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری، صوبائی وزراء مجتبی شجاع الرحمن، رانا سکندر حیات، ذیشان سکندر، سہیل شوکت بٹ، بلال یاسین، شیر علی گورچانی، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق بھی موجود تھے۔
چیف سیکرٹری، آئی جی، پرنسپل سیکریٹری، سیکرٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ میں نے آج پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلی ہونے کی وجہ سے پرچم بلند کیا میرے لئے یاد گار لحمہ تھا، آج فلسطین میں جو مظالم ڈھائے جا رہیں ان کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں سکون سے رہنا نصیب کرے، آزادی کی قدر دل سے محسوس ہوتی ہے جن کو یہ نصیب نہیں ہے، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں آزادی کی نعمت دی، ہر جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے، ہمیں بھی اپنا احتساب کرنا ہے کیا ان 77 برس میں ہماری کامیابیاں زیادہ ہیں یا ناکامیاں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بڑی نعمتوں سے نوازا ہے، اگر اس ملک میں سیاسی استحکام ہو اور قوم فتنہ و فساد سے آگے بڑھے اور ایک قوم بن کو سوچے تو کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے اللہ نے محروم رکھا ہو، اس مٹی کے شہداء افواج پاکستان، سیکورٹی اور پولیس کے جوان اور جو کل رات بھی شہید ہوئے ہمارے فوجی جوانوں نے شہادت پیش کی جس طرح وہ ہماری اور اس مٹی کو تحفظ فراہم کررہے ہیں انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔