اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے عائد کردہ سیکریٹریٹ پر غیر قانونی چھاپے کے الزام پر وضاحت جاری کردی۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے بغیر وارنٹ کے مرکزی سیکٹریٹ پر چھاپہ مارا اور ترجمان رؤف حسن کو گرفتار کر کے کمپیوٹرز سمیت دیگر قیمتی سامان قبضے میں لیا گیا۔
تحریک انصاف کی قیادت کے الزامات پر آئی جی اسلام آباد نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر ایف آئی اے اور پولیس نے تلاشی کیلئے چھاپہ مارا اور انسداددہشتگردی عدالت سے وارنٹ لے کر تمام امور انجام دیے گئے۔
آئی جی اسلام آباد نے تصدیق کی کہ رؤف حسن کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے گرفتارکیا گیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک انصاف کے کوارڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ اور رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے دفتر پر ابتدائی تفتیش اور ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں چھاپہ مارا گیا۔ پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے جس کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔