واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے آئندہ صدارتی الیکشن میں بطور امیدوار نامزدگی کی حمایت کرنے پر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کے ساتھ ساتھ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کی کوشش کروں گی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن کی طرف سے صدارتی امیدوار کے طور پر توثیق فخر کی بات ہے، میرا مقصد آئندہ صدارتی الیکشن کیلئے ڈیموکریٹس کی نامزدگی حاصل کرنا اور جیتنا ہے۔
کملا ہیرس نے مزید کہا ہے کہ صدر بائیڈن نے ملک اور عوام کو ہر چیز سے بالاتر رکھا، جوبائیڈن کی غیر معمولی قیادت اور ملک کیلئے خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ٹرمپ کو ہرانے کے ساتھ ساتھ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کی کوشش کروں گی۔
یادرہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں ہونے والے آئندہ صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی شہریوں کے نام اپنے پیغام میں جوبائیڈن نے کہا کہ آپ کا صدر بننا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے، میری خواہش تھی کہ دوبارہ صدارتی انتخابات لڑوں۔