کراچی: شہر قائد میں ہونے والی ہلکی بارش بھی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے شہریوں کیلئے عذاب بن گئی۔
سڑکوں کی زبوں حالی اور پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں پر پڑنے والے بڑے بڑے گہرے گڑھوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والی شارع راشد منہاس روڈ پر شفیق موڑ کے قریب گزشتہ کئی ماہ سے سڑک کے بڑے حصے پر پڑنے والے گہرے گڑھے میں جمع ہونے والے بارش کے پانی نے ٹریفک کی روانی کو تہس نہس کر کے رکھا دیا۔
نارتھ ناظم آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی کے باعث متعدد موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جبکہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال دیکھی گئی۔