لاہور: پنجاب حکومت نے 6 سے 11 محرم الحرام تک سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارشات وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ارسال کر دی ہیں۔
محرم الحرام میں پنجاب حکومت نے سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے 6 سے 11 محرم الحرام تک سوشل میڈیا ایپس پر پابندی لگانے کیلئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کو بھجوائے گئے مراسلے میں فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب کو بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے، حکومت نے وٹس ایپ کو بھی بند رکھنے کی سفارش کی ہے، سوشل میڈیا ایپس بند کرنے کی منظوری سٹینڈنگ کمیٹی نے دی جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کو بھجوایا، پابندی کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔
دوسری جانب سربراہ صوبائی امن و امان سب کیبنٹ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں چند روز کیلئے سوشل میڈیا بند کرنے سے متعلق معاملہ زیر غور آیا۔
اجلاس میں تجاویز کو دیکھتے ہوئے کچھ سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو کی گئی ہیں، سوشل میڈیا بند کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔