اسلام آباد / آستانہ: وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرز یوئیف کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قازقستان کے شہر آستانہ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نے روس کے بعد ازبکستان کے صدر سے ملاقات کی جس میں کثیر جہتی تعلقات، تجارت، روابط، دفاع ، سلامتی اور ثقافت میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کی ازبکستان خطے کے ممالک کے لئے تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے، جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے دستیاب مختلف سہولیات پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خوشحال وسطی ایشیا اور بڑھے ہوئے علاقائی روابط کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان اور ازبکستان دونوں کے مشترکہ عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ ملاقات میں ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی گفتگو کی گئی۔