کراچی:پاکستان نیول اکیڈمی میں 121 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔پاسنگ آوٴٹ پریڈ کے دوران 70 مڈشپ مین اور 28 ایس ایس سی کیڈٹ فارغ التحصیل ہوئے۔نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی میں 121 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نیول اکیڈمی معیاری تربیت فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیڈٹس جدید ٹرینڈز سے خود کو آراستہ کریں، امید ہے دوست ممالک کے کیڈٹس تعلقات کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں گے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 121 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
پاسنگ آوٴٹ پریڈ کے دوران 70 مڈشپ مین اور 28 ایس ایس سی کیڈٹ فارغ التحصیل ہوئے، پاکستان نیوی 29 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کے کیڈٹس بھی پاس آوٴٹ ہوئے۔
تقریب کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے، لیفٹیننٹ نوید احمد کو مجموعی کارکردگی پر قائد اعظم گولڈ میڈل دیا گیا، مڈشپ مین عبداللہ وحید نے اعزازی شمشیر، مڈشپ مین آفتاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی، آفیسر کیڈٹ محمد خبیب کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل دیا گیا۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آفیسر کیڈٹ تمیوتھینا کون کو چیف آف دی نیول سٹاف گولڈ میڈل دیا گیا، آفیسر کیڈٹ محمد دانش کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔