اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے آپریشن عزم استحکام کی بالکل حامی نہیں بھری، صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی بات کی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے متعلقہ اجلاس میں آپریشن کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مجموعی آپریشن سے ہم نے خون کا نذرانہ دیا ہے، ایسے آپریشن سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، کہا جا رہا ہے اس سے ترقی ہو گی جو غلط ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کا پہلا قانون آئین کی بالادستی ہے، مجموعی آپریشن تحریک انصاف کو کسی صورت منظور نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین نے آپریشن سے متعلق بالکل حامی نہیں بھری، انہوں نے صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی بات کی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ایک جگہ پر ہوتا ہے جو سالوں سے چل رہا ہے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سی ٹی ڈی کرتی ہے جو پہلے سے ہی چل رہا ہے۔