ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے اعلان کیا ہے کہ نائب صدر کا لاپتا طیارے کا ملبہ پہاڑی علاقے کے جنگل سے مل گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک ملاوی کے نائب صدر ساؤلوس کلاؤس کا طیارہ گزشتہ روز لاپتا ہوگیا تھا جس کا ملبہ شمالی علاقے میں ایک پہاڑی جنگل میں مل گیا۔
ملبے سے تمام 10 افراد کی جلی ہوئی لاشیں مل گئیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تجہیز و تکفین کے بارے میں جلد اعلان کیا جائے گا۔
قبل ازیں ملاوی فوج کے کمانڈر پال ویلینٹینو فیری نے میڈیا کو بتایا تھا کہ نائب صدر ساؤلوس کلاؤس چلیما اور 9 دیگر اعلیٰ حکام کو لے جانے والے فوجی طیارے کے گھنے جنگل چکان گاوا میں گر کر تباہ ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
ملاوی ڈیفنس فورس کے کمانڈر نے مزید بتایا تھا کہ خراب موسم، حد نگاہ میں کمی اور دھند کے باعث چکان گاوا جنگل میں امدادی کاموں میں شدید رکاوٹ کا سامنا ہے۔ طیارے کی ملبے کو تاحال تلاش نہیں کیا جا سکا۔
ملاوی فوج کے کمانڈر کے بقول طیارے کے حادثے کی وجہ بھی یہی موسم کی خرابی ہوسکتی ہے۔ ہوسکتا ہے طیارہ کسی چوٹی یا درخت سے ٹکرانے کے بعد جنگل میں گرگیا ہو۔ ایسے کئی اور امکانات بھی ہوسکتے ہیں۔
طیارے کی تلاش کے لیے امریکا، برطانیہ، ناروے اور اسرائیل سمیت مختلف ممالک سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے طیارہ سرچ آپریشن کے لیے “مختلف صلاحیتوں میں” تعاون کی پیشکش کی تھی۔
یاد رہے کہ ملاوی کے نائب صدر 51 سالہ ڈاکٹر ساؤلوس کلاؤس چلیما سابق حکومتی وزیر رالف کسامبارا کی تدفین میں شرکت کے لیے طیارے میں جا رہے تھے۔ جس میں سابق خاتون اول شانیل زیمبری سمیت 10 اعلیٰ حکام سوار تھے۔
طیارے نے پیر کی صبح دارالحکومت لیلونگوے سے بھری تھی اور کچھ دیر بعد طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تھا۔