اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے استنبول میں ڈی ایٹ قونصل آف فارن منسٹرز کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے دو ریاستی حل اور فلسطینی عوام کی نسل کشی و اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے ٹھوس عالمی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2023 سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی بدترین صورتحال پر غور کے لیے طلب کئے گئے ڈی ایٹ قونصل آف فارن منسٹرز کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی دو طرفہ تعلقات جن کی جڑیں ایمان، ثقافت اور تاریخ سے جڑی ہیں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر کے طور پر پاکستان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔
اسحاق ڈار نے ترکیہ کی جانب سے یو این چارٹر اور انٹرنیشنل لاء کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش اور تعاون کو سراہا۔