اسلام آباد: دورانِ عدت نکاح کیس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست دائر کردی۔ بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے۔
درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 3 فروری کی سزا کا فیصلہ معطل کرکے ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کرے۔ استغاثہ نے تضاد سے بھرپور کمزور شواہد عدالت میں پیش کیا۔ ان شواہد کی بنیاد پر سزا نہیں سنائی جاسکتی تھی۔ ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا برقرار نہیں رہ سکتی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے لیے جیل میں بدترین حالات میں رکھا گیا ہے۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے لیے ضروری ہے کہ سزا معطلی کی درخواست جلد نمٹائی جائے۔ سزا معطلی کی جو درخواست پہلے سے سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے عدالت اس پر سماعت کرے۔ سزا معطلی کی درخواست کو سن کر اس پر جلد فیصلہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ سول کورٹ نے 3 فروری کو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔