اسلام آباد:کراچی والوں کیلئے بری خبر ، بجلی صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 روپے 98 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ، جون سے ستمبر تک وصولی کی جائیں گی ، لائف لائن صارفین اورالیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنزپراطلاق نہیں ہوگا ۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافہ جولائی 2023 تامارچ 2024کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کیا گیا ، صارفین سے اضافی وصولیاں جون تا ستمبر2024 میں کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کوجون میں 2 روپے 67 پیسے ،جولائی میں 3 روپے 10 پیسے ،اگست میں 3 روپے 22 پیسے اورستمبر میں 99 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین اورالیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنزپرنہیں ہوگا۔